عمران خان کے 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے گئے

اسلام آباد:
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے این اے53 اور این اے 131 سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے تاہم عدالتی فیصلوں کے باعث چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 2 حلقوں سمیت قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے گئے ہیں۔
عمران خان جن حلقوں میں کامیاب ہوئے ان میں این اے 53 ، این اے 35، این اے 95، این اے 131 اور این اے 243 شامل ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 2 حلقوں میں عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لئے گئے ہیں، جن حلقوں میں چیئرمین تحریک انصاف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 53 سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اور این اے 131 میں ان کے مدِمقابل مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کا فیصلہ آنے تک روکا گیا ہے۔
عمران خان نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے روز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اور سب کے سامنے بلے کے انتخابی نشان پر مہر لگائی جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا اور ان کا کیس زیر سماعت ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دیگر 3 حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔
No comments:
Post a Comment