انتخابات 2018: (ن) لیگ پہلے مرحلے میں امیدواروں کا اعلان آج کریگی


لاہور: مسلم لیگ (ن) عام انتخابات 2018 کے لیے پہلے مرحلے میں اپنے امیدواروں کا اعلان آج کرے گی اور اس سے قبل پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری ہے۔
ماڈل ٹاؤن میں جاری اجلاس میں نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، پرویز ملک، سینیٹر اسف اشرف، رانا ثناءاللہ، رانا مشہود سمیت دیگر شریک ہیں۔
اجلاس کے دوران قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری اور مذکورہ رہنما امیدواروں کے انٹرویو لے رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پہلے مرحلے میں قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کیا جارہا ہے۔
امیدواروں کے نام کے ساتھ ان کے حلقہ انتخاب بھی جاری ہوگا جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید امیدواروں کا اعلان بعد میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو دیے جائیں گے اور بعض پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی وجہ سے متبادل امیدوار رکھے جائیں گے جب کہ بعض حلقوں سے 3 سے 4 کورنگ امیدوار بھی ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کے معاملے پر پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی قائد نواز شریف کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔
نواز شریف چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں جب کہ شہباز شریف کا اصرار ہے کہ چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔
ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے (ن) لیگ کے اہم اجلاس کے دوران تجویز سامنے آئی ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز 3،3 حلقوں سے انتخاب میں حصہ لیں جب کہ مریم نواز کو کراچی سے بھی الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔
No comments:
Post a Comment